مظفرنگر (تنویرادب نیوز)
ڈپٹی لیبر کمشنر کانپور شمیم اختر انصاری کی مظفر نگر آمد پر ایک شاندار استقبالیہ پروگرام پیغام انسانیت مناکشی چوک مظفر نگر کے آفس پر منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت مشہور شاعر ڈاکٹر صداقت دیوبندی نے فرمائی اور نظامت کے فرائض شاعر الطاف مشعل نے انجام دیے۔ مشاعرے میں مظفر نگر کے معزز اشخاص نے شرکت فرمائی اور جناب شمیم اختر انصاری کا پرزور استقبال کیا،ساتھ ہی ان کے اعزاز میں ایک مشاعرہ بھی منعقد کیا گیا جس میں ڈاکٹر تنویر گوہر ، عبدالحق سحر مظفر نگری، نوید انجم ،تحسین قمر اساروی ،قاضی فرید پاشا آزاد اور دیگر شعرائے کرام نے اپنے مخصوص کلام سے نواز کر سامعین کی خوب داد و تحسین حاصل کی۔ مشاعرے کے کنوینر پیغام انسانیت کے صدر جناب حاجی آصف راہی صاحب رہے۔
انہوں نے جناب شمیم اختر انصاری کا تعارف بھی پیش کیا اور انہیں تعلیمی بیداری مشن کے لیے مبارکباد بھی پیش

کی۔
اس موقع پر مہمان اعزازی جناب شمیم اختر انصاری نے کہا کہ مظفر نگر میں پوسٹنگ کے دوران میں یہاں جتنے دن بھی رہا وہ وقت میرے لیے ںیحد یادگار ہے میں اسے کبھی نہیں بھول سکتا۔ یہاں کے لوگوں نے مجھے بہت پیار دیا اور یہی وجہ ہے کہ میں جب بھی مغربی اتر پردیش میں آتا ہوں تو اپنے مظفر نگر کے دوستوں سے ملے بغیر کبھی نہیں جاتا۔
اس شہر سے مجھے دلی انسیت ہے اور ہمیشہ رہے گی۔جناب آصف راہی نے میرے اعزاز میں استقبالیہ دیکر مجھے جس محبت سے نوازا ہے اس کے لیے میں ہمیشہ ان کا اور اہلیان مظفر نگر کا مرہونِ منت رہوں گا۔
منتخب اشعار قارئین کی نذر ہیں۔
ہوں تو میں رزق مگر حق سے مجھے مانگ کے دیکھ
تو ہے پتھر میں تو پتھر میں اتر جاؤں گا
ڈاکٹر صداقت دیوبندی
غموں سے لڑ رہا ہے دل مسلسل
سپاہی جنگ کے میدان میں ہے
عبدالحق سحر
دل کو کیا کیسے اور کیوں سے نکال
میرے اللہ وسوسوں سے نکال
ڈاکٹر تنویر گوہر
آپ کا طنزیہ لہجہ نہ کبھی بدلےگا
ہم دوا درد کی کھاتے ہوئے مر جائیں گے
نوید انجم

ہم بظاہر تو اپنے گھر میں رہے
عمر گزری ہے قید خانے میں
تحسین قمر اساروی
وہ دشمن ہی سہی میرا مگر معلوم ہے مجھکو
عداوت سے بھرا لہجہ اُسی کا ہو نہیں سکتا
ڈاکٹر انس عاطف کیرانوی
خود کو ہلاک کرنے کی جرات کرے گا کون
میں ہوں غریب مجھ سے محبت کرے گا کون
سکندر دیوریاوی
پروں میں دم نہیں تو کوئی جنبش سوچ کر کرنا
خلاؤں سے گزر جانے کی کوشش سوچ کر کرنا
ماسٹر الطاف مشعل
ان کے علاوہ لَئِیق خان جڑودوی نے بھی اپنے کلام سے نوازا۔
استقبالیہ مشاعرے میں جن معزز اشخاص نے شرکت فرمائی ان میں اکرام قصار،گوہر صدیقی ، دلشاد پہلوان ،محبوب عالم ایڈووکیٹ ،مولانا موسیٰ قاسمی، مولانا احسان قاسمی،کلیم تیاگی،سلمان شاہ، صدام شاعری این چاءے،ماسٹر اسرار ،شاہ ویز راءو، محمد علی علوی، منور ایڈووکیٹ ، وسیم باغوں والی، عشرت تیاگی،عظیم خان ،فیضان انصاری اور امیر اعظم وغیرہ کے نام شامل ہیں۔
