غزل

3d animation looped animated background of randomly rotating colorful flowers

افتخار راغبؔ
ریاض، سعودی عرب
کتاب: لفظوں میں احساس

صاف ستھری فضا بگاڑیں گے
سب کو اہلِ ریا بگاڑیں گے

بیٹھ سکتے نہیں سکون سے وہ
کچھ بنائیں گے یا بگاڑیں گے

سرپرستی میں ہے وہ شیطاں کی
اُس کو انسان کیا بگاڑیں گے

راہ کوئی نہ جن کو راس آئی
وہ ہر اِک راستہ بگاڑیں گے

ان کو آدابِ عشق کیا معلوم
نام وہ عشق کا بگاڑیں گے

علم جن کا نہ کچھ بگاڑ سکا
ان کو ہم آپ کیا بگاڑیں گے

لگ رہا ہے پھر امن کا ماحول
امن کے دیوتا بگاڑیں گے

کاٹ دیں گے اگر شجر راغبؔ
اپنی آب و ہوا بگاڑیں گے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *