ماہ صیام اور شعراء کرام

اداریہ ہفت روزہ تنویر ادب

✒️ڈاکٹر تنویر گوہر

whatsapp image 2026 01 12 at 5.53.18 pm

     رمضان المبارک کا با برکت مہینہ چل رہا ہے۔اِس برکت اور رحمت والے مہینے کے فیضان سے سارا عالم مستفیض ہو رہا ہے۔شیطان کو ایک ماہ کے لئے قید کر دیا گیا ہے۔ ہر خدا شناس بندہ نماز ، روزہ ،تراویح، تلاوت قرآن،صدقہ، ذکٰوت ،خیرات اور دوسری عبادات کے ذریعے اللہ کو راضی کرنے اور نیکیوں سے اپنے دامن کو بھرنے کی کوششوں میں مشغول ہے۔
       ایسے میں اللہ کے وہ خاص بندے جنہیں اللہ نے قلم کی بے بہا دولت اور صلاحیت سے نوازا ہے اُن میں بھی خصوصاً شعراء حضرات، وہ بھی خدا تعالٰی کو جہاں روزہ،نماز،تلاوت اور دیگر عبادتوں سے راضی کر کے فیوض رمضان سے مستفیض ہو رہے ہیں وہیں اُنہیں حمد و نعت کے اشعار کہہ کر اپنے فن کے وسیلے سے بھی  اللہ اور اس کے رسولﷺ کو راضی کرنے کا سنہری موقع فراہم ہے۔
     بلا شبہ شعراء کرام اپنی شاعری کے ذریعے اللہ کو راضی کر سکتے ہیں کہ یہ وہ فن ہے جسے اللہ کے رسول ﷺ نے پسند فرمایا ہے اور حضرت حسان بن ثابت سے اکثر اُن کی نعتیہ شاعری سماعت کی ہے۔ شعر گوئی کی صلاحیت سے اللہ نے ہر انسان کو نہیں نوازا،اللہ کا یہ خاص کرم اُس کے خاص بندوں ہی کے حصے میں آیا ہے۔اب یہ اُن پر منحصر ہے کہ وہ اپنی اس خداداد صلاحیت سے رمضان المبارک کی پاک ساعتوں میں کتنا استفادہ کرتے ہیں۔
     اگر وہ خدا آشنا ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ جہاں روزہ، نماز کی پابندی کریں وہیں رمضان المبارک کے فیضان سے کثرت کے ساتھ اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کی شان میں حمد و نعت کا نذرانہ پیش کر کے اپنی بیاض کے ساتھ ہی نیکیوں میں بھی اضافہ کرتے جائیں۔
    ایسے بہت سے شاعر گزرے ہیں جنہوں نے ماہ صیام  کے مہینے میں پابندی کے ساتھ حمدیہ اور نعتیہ شاعری کی ہے،اور آج بھی بہت سے شعراء ماہ صیام میں حمد و نعت کہنے کا اہتمام کرتے ہیں۔ کئی نام تو  میرے ذہن میں بھی ہیں جنہوں نے رمضان المبارک کی برکت ہی سے اپنے نعتیہ مجموعے تخلیق کئے ہیں۔

             محنت سے ہماری وہ سوا بخشے گا
             نیکی کا یقیں ہے کہ صلہ بخشے گا
             قرآن و احادیث نظر میں رکھ کر
             ہم شعر کہیں گے تو خدا بخشے گا
                                                            گوہؔر
       اللہ ہم  سب کو فیوض رمضان المبارک سے مستفیض فرمائے۔ ہمارے روزے ، نماز، تلاوت اور دیگر  عبادتوں کو قبول فرمائے، اور ہم سب کے تمام گناہوں کو معاف فرمائے،مرحومین کی مغفرت فرمائے … آمین ثم آمین یا رب العالمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *