از :- رئیس احمد عرشی کلیری
بری لتوں سے، بری عادتوں سے دور رہو
تباہیوں کے سبھی راستوں سے دور رہو
جوا، شراب، چرس، بھانگ، پان، تمباکو
یہ سب نشے ہیں برے سب نشوں سے دور رہو
ترقی بڑھ کے تمہارے قدم کو چومے گی
قسم خدا کی اگر میکدوں سے دور رہو
کبھی قریب نہ جاؤ حرام لقمے کے
حلال کھاؤ! غلط خواہشوں سے دور رہو
یہ مشورہ ہے مرا تم سے اے مسلمانو!
برے عمل سے بچو بدعتوں سے دور رہو
جو تیرے ذوق سخن کو بگاڑ دیں عرشی
غزل کے ایسے نۓ زاویوں سے دور رہو
