(نمائندہ تنویر ادب)
سعودی عرب میں متعدد کامیاب مشاعروں میں شرکت کے بعد وطن واپس آنے پر معروف شاعر طاہر سعود کا بجنور کے محلہ قاضی پاڑہ میں صحافی پرویز عقیل کی رہائش گاہ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ان کے اعزاز میں منعقدہ مشاعرے میں شعرائے کرام نے اپنے کلام سے سماں باندھ دیا۔
سعودی عرب میں منعقدہ عالمی مشاعروں میں کامیاب شرکت کے بعد وطن لوٹنے پر طاہر سعود کرتپوری کے اعزاز میں ضلع بجنور کے شعرا اور صحافیوں کی جانب سے ایک شاندار استقبالیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں ادبی حلقوں کے افراد کے ساتھ ساتھ سماجی و صحافتی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
طاہر سعود نے حال ہی میں جدہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں میں منعقد عالمی مشاعروں میں اپنا کلام پیش کیا اور بھرپور داد و تحسین حاصل کی۔ وطن واپسی پر اہلِ بجنور نے ان کی ادبی خدمات اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں شناخت کے اعتراف میں اس استقبالیہ مشاعرے کا اہتمام کیا۔
تقریب کے دوران طاہر سعود کو شال اوڑھا کر اور میمنٹو پیش کر کے اعزاز سے نوازا گیا اس موقع پر مقررین نے کہا کہ طاہر سعود نے نہ صرف ضلع بجنور بلکہ پورے ملک کا نام عالمی ادبی دنیا میں روشن کیا ہے۔
مشاعرے کی صدارت سینئر شاعر شناور کرتپوری نے انجام دی، جب کہ نظامت نو جوان شاعر مَعراج بجنوری نے بڑی خوش اسلوبی سے کی۔ اس ادبی نشست میں طاہر سعود کے ساتھ مرغوب رحمانی، آفتاب نعمانی، امیر نہٹوری، ریحان کاتب، عارف گاندھی، قمر اختر جسپوری، محترمہ ذہین گل، آصف مرزا، بہار عالم بہار، ظاہر بجنوری وغیرہ نے بھی اپنا منتخب کلام پیش کیا اور سامعین سے خوب داد وصول کی۔ سامعین نے طاہر سعود کو دل کھول کر سنا اور سراہا، بار بار داد و تحسین کے نعرے لگتے رہے اور محفل دیر تک پُرجوش ماحول میں جاری رہی۔
آخر میں پرویز عقیل اور مشاعرہ کمیٹی کے عہدیداران صحافی مُشبّر حسین، ارباب رحمانی، منہاج انصاری اور محمد عابد خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
طاہر سعود کی وطن واپسی پر ضلع بجنور کے شعرا و صحافیوں کی جانب سے شاندار اعزازی مشاعرہ و استقبالیہ
