علی گڑھ: 11 جنوری 2026( نمائندہ تنویر ادب)
آج علی گڑھ کی معروف علمی و ادبی نشست گاہ ’خیابانِ ادب‘ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز نقاد اور ماہرِ تعلیم پروفیسر صغیر افراہیم کی تصنیف اور مجلہ ’سیما‘ کے تازہ شمارے کا اجرا عمل میں آیا۔ اس تقریب میں شہر کی مقتدر ادبی شخصیات، دانشوروں اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پروفیسر صغیر افراہیم کی کتاب ’پریم چند ایک نقیب ‘کے ہندی ترجمے کا اجرا تھا۔ اس کتاب کی رسمِ رونمائی ممتاز کہانی کار اور انٹرویو نگاری میں اپنی منفرد شناخت رکھنے والی شخصیت پریم کمار کے ہاتھوں انجام پائی۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پریم کمار نے کہا:
’’پروفیسر صغیر افراہیم نے دورانِ ملازمت ادب کی جو گراں قدر خدمات انجام دیں وہ سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کا علمی سفر تھما نہیں ہے، بلکہ وہ جس تندہی سے لکھنے پڑھنے اور ’سیما‘ کی ادارت میں مصروف ہیں، وہ قابلِ ستائش اور دوسروں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔‘‘
ممتاز صحافی محمد احمد شیون نے کہا کہ صغیر افراہیم صاحب کی قائم کردہ خیابانِ ادب لائبریری اردوزبان و ادب سے وابستگی رکھنے والوں کے لئے پروفیسر صغیر افراہیم کا ایک تحفہ ہے جس کی ذریعہ اردو ہندی کی بیش قیمتی کتب تشنگانِ علم و ادب کی آبیاری کر رہی ہے اور اس دارالمطالعہ کے بہتر انتظامات پروفیسر صغیر افراہیم کی علم دوستی کابین ثبوت ہے۔
مجلہ سیما کے 16ویں شمارے کا اجرا:تقریب کے دوسرے مرحلے میں جنت مکانی پروفیسر سیما صغیر صاحبہ کی یاد میں جاری کیے جانے والے علمی و ادبی مجلے ’سیما‘ کے 16ویں شمارے کی رسمِ رونمائی ادا کی گئی۔ اس خصوصی شمارے کی انفرادیت اس میں شامل تین اہم مقتدر شخصیات پر مبنی گوشے ہیںجن میںہندی کے ممتاز قلمکار اور شاعر کیدار ناتھ اگروال ،ہر دلعزیز ادبی شخصیت مہر الہی ندیم اورمعروف ادیبہ محترمہ شہناز کنول شامل ہیں۔
پروفیسر صغیر افراہیم نے تمام مہمانانِ گرامی کا تعارف کرایا اور دونوں کتابوں کے پسِ منظر و مندرجات پر سیر حاصل گفتگو کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر مجیب شہزر نے نہایت احسن طریقے سے انجام دیے۔
تقریب میں موجود اہم شخصیات جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور رونمائی میں حصہ لیا:
پروفیسر طارق چھتاری (سابق صدر شعبہ اردو، اے ایم یو)
پروفیسر عبدالعلیم (سابق صدر شعبہ ہندی، اے ایم یو)
سریش کمار (معروف ہندی غزل گو شاعر)
پروفیسر عفت آراء (سابق پروفیسر شعبہ انگریزی)
پروفیسر وصی بیگ اور پروفیسر کفیل احمدقاسمی صدر شعبئہ عربی اے ایم یو
کتاب اور مجلے کے فنی و فکری پہلوؤں پر اور ڈاکٹر اویس جمال شمسی نے بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
معزز حاضرینِ مجلس
اس علمی محفل میںممتاز شاعر عالم خورشید، طارق عثمانی،ثنا فاطمہ، ڈاکٹر سید بصیر الحسن وفا نقوی،محمد کامران، عرفان انصاری، انجینئر عادل فراز، ممتاز شاعر، فراز مجیب، محمد آصف صدیقی ،افضل بیگ، ، انم فاطمہ، ڈاکٹر کمال احمد مجیبی اور مینیجر محمد نعیم سمیت شہر کی بڑی تعداد میں علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کر کے تقریب کو رونق بخشی۔
مجیب شہزرؔ
میڈیا سکریٹری
خیابانِ ادب، علی گڑھ
