مسلم تیلی ملک ایکتا منچ کی میرٹوریئس ایوارڈ تقریب میں ہونہار طلبہ و طالبات کی پذیرائی، 70 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا

مظفر نگر، 31 اگست۔ تعلیم کو معاشرے کی ترقی اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی بنیاد قرار دیتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے پروفیسر اور بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر رحمان مصور نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی تعلیم ہی کے ذریعے ممکن ہے۔ ہونہار طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی نہ صرف ان کے اندر خود اعتمادی پیدا کرتی ہے بلکہ دوسرے بچوں کو بھی بہتر کارکردگی کے لیے تحریک دیتی ہے۔ موجودہ مسابقتی دور میں تعلیم نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کے ساتھ انہیں ملک و معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے۔

وہ اتوار کو مسلم تیلی ملک ایکتا منچ، مظفر نگر کے زیر اہتمام میملا نہ روڈ واقع بابو میں منعقدہ میرٹوریئس ایوارڈ تقریب 2026 سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ معززین، ماہرین تعلیم، ڈاکٹروں، وکلا، سماجی کارکنوں، دانشوروں، والدین اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر تنویر گوہر اور کلیم تیاگی نے نعتِ پاک پیش کی۔ اس موقع پر 2026 کے ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں کسی بھی تسلیم شدہ بورڈ سے 70 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ و طالبات کو میرٹوریئس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ NEET، JEE، CUET، NDA، CA اور CS سمیت مختلف مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی بھی خصوصی طور پر حوصلہ افزائی کی گئی۔

تعلیم یافتہ معاشرہ ہی مضبوط معاشرہ ہے
تقریب کی صدارت معروف سماجی کارکن ڈاکٹر جمیل احمد ملک نے کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی بیدار، منظم اور مضبوط معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ خصوصاً بیٹیوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم تیلی ملک ایکتا منچ کی جانب سے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے معاشرے میں تعلیم کے تئیں مثبت ماحول پیدا ہوگا۔
کامیابی کے لیے واضح مقصد اور مسلسل محنت ضروری
یونس کوثر ایڈووکیٹ نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے لیے واضح مقصد، مسلسل محنت، نظم و ضبط اور اعلیٰ تعلیم ضروری ہے۔ نوجوان اپنے لیے ایک واضح ہدف مقرر کریں اور اسے حاصل کرنے کے لیے پوری سنجیدگی کے ساتھ جدوجہد کریں۔
لڑکیوں کے مقابلے میں لڑکے پیچھے کیوں؟
تقریب کی نظامت کرتے ہوئے ڈاکٹر شمیم ملک نے نوجوان نسل کی تعلیمی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیاں تعلیم کے میدان میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں، جبکہ متعدد مقامات پر لڑکے ان کے مقابلے میں پیچھے رہ رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اور مسلسل کوشش کریں۔ پروگرام کے ابتدائی مرحلے کی نظامت ساجد ملک جانسٹھ نے انجام دی۔
ہر سال ہوگی میرٹوریئس ایوارڈ تقریب
منتظم گل بہار ملک ایڈووکیٹ نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں، ہونہار طلبہ و طالبات، والدین، دانشوروں اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مسلم تیلی ملک ایکتا منچ کی جانب سے ہونہار بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے میرٹوریئس ایوارڈ تقریب ہر سال منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد بچوں میں تعلیم کے تئیں دلچسپی، مسابقتی امتحانات میں کامیابی کا جذبہ اور آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کرنا ہے۔
مختلف اضلاع سے پہنچے معززین
تقریب میں مظفر نگر کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی بڑی تعداد میں دانشوروں اور معززین نے شرکت کی۔ کلیم تیاگی، تحسین علی قمر، اکرام قصار، شمیم قصار، چودھری ساجد، ظفر یاب خان، حاجی آشو ملک جانسٹھ، ڈاکٹر رضوان ملک پٹنی، جمیل فورمین رام پور منیہاران، مہتاب ملک سڑک دودھلی، عرفان سلطان، ماسٹر الیاس اور شکیل آئی ٹی سی سمیت متعدد شخصیات موجود رہیں۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر فرقان ملک، کسان رہنما شاہد عالم، نوشاد ملک، کسان رہنما ذوالفقار، اسلام ملک میملا نہ روڈ، ڈاکٹر شمشاد ملک، ارشاد ملک چرتھاول، ڈاکٹر سجیل چرتھاول، ماسٹر سلیم ملک بی ڈی سی، خورشید ملک میملا نہ روڈ، ڈاکٹر فیض عالم، ڈاکٹر جنید ملک، گلنواز ملک، ڈاکٹر زید، احمد ملک، ساگر خان، ڈاکٹر سیف عالم، ڈاکٹر رضا ملک ایڈووکیٹ، عائشہ سیف سمیت متعدد معززین نے شرکت کی۔
منتظمین کی کاوشوں کو سراہا گیا
تقریب کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر جمیل ملک، گل بہار ملک ایڈووکیٹ، ڈاکٹر شمیم ملک، اصغر ملک، منور ملک، ڈاکٹر رحمت ملک، آصف ملک، نفیس ملک، اکرم ملک، وسیم ملک، مہربان ملک، ساجد ملک، نازش ملک، حاجی انعام، ندیم ملک، بلو دیوان، عرفان ملک، حاجی اسلام، حاجی گلزار، معصوم ٹھیکیدار، بابو ملک، شہزاد ملک، شمشاد ملک، خالد ملک، ریاضت ملک اور پپو دیوان سمیت متعدد افراد نے اہم کردار ادا کیا۔
مقررین نے مسلم تیلی ملک ایکتا منچ کی جانب سے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نئی نسل میں تعلیم کے تئیں شوق اور مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ منتظمین نے عزم ظاہر کیا کہ بچوں کی تعلیمی کامیابیوں کی حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور آئندہ برسوں میں تقریب کو مزید وسیع اور مؤثر بنایا جائے گا۔
