مظفر نگر ۔۔۔۔
رپورٹ ۔۔۔ڈاکٹر طاہر قمر
اردو بیداری فورم مظفر نگر کی طرف سے ایک شام شہیدوں کے نام سے ایک خوبصورت مشاعرے کا انعقاد رحمت نگر کے اقراء پبلک اسکول میں کیا گیا ۔
اس شاندار مشاعرے کی صدارت استاد شاعر ڈاکٹر صداقت دیو بندی نے کی نیز نظامت کے فرائض ڈاکٹر طاہر قمر میراں پوری نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ شمع روشن مہمان خصوصی سابق انکم ٹیکس کمشنر رئیس احمد خان، امیر اعظم ایڈوکیٹ شہزاد احمد اور اوصاف انصاری کے ذریعے کی گئی۔
اردو بیداری فورم کے صدر ماسٹر شہزاد احمد اور جنرل سکریٹری حاجی اوصاف انصاری نے تمام مہمان شعراء کی گل پوشی کی ۔ نیز آزادی کے شہداء کی قربانی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
مفتی عبد الستار قاسمی کی نعت پاک سے بابرکت آغاز ہونے والے اس مشاعرے میں شعراء کا منتخب کلام نزر قارین ہے۔۔
عشق تم سے جنوں کی حد تک ہے
اور حد ہی کہاں جنون کی ہے
ڈاکٹر تنویر گوہر
تاریکیوں کے سایے دلوں سے ہٹائیے
لے کر چراغ علم و ادب آپ آئیے
رئیس احمد مظفر نگری

جہاں جہاں سے گرا ہے مرے بدن کا لہو
وہیں سے شور اٹھا ہے یہ ہے وطن کا لہو
عبد الحق سحر
مہماں کی طرح ہیں غم و آلام صداقت
آتے ہیں اگر آئیں پریشاں نہ ہوا کر
ڈاکٹر صداقت دیو بندی
میرے لہو کے داغ تھے جن کے دامن پر
آج وہی آئینہ دکھانے بیٹھ گئے
ڈاکٹر طاہر قمر میراں پوری
دوستانے کی بات کرتے ہو
کس زمانے کی بات کرتے ہو
شمیم کرتپوری
زندگی ہو جائے روشن خود کو اس قابل کرو
آدھی روٹی کھاؤ لیکن علم اب حاصل کرو
سلامت راہی
اللہ ایسے شہر میں میرا مکاں نہ ہو
جس شہر کی فضاؤں میں اردو زبان نہ ہو
الطاف مشعل
اچھے اچھوں کو ہمیشہ کو سلایا اس نے
زہر نفرت کا محبت سے پلایا اس نے
احمد مظفر نگری
سر پہ میرے جو ان کا دامن ہے
مہکا مہکا سا دل کا گلشن ہے
مصطفیٰ کمال
ائینے سے نازک ہے ٹوٹ بھی تو سکتا ہے
باز تم نہیں آتے پھر بھی دل لگانے سے
سلیم جاوید
ان کے علاوہ ڈاکٹر آس محمد امین، مفتی عبد الستار قاسمی ، ڈاکٹر انس عاطف، فرقان آدم ،جنید اظہر ، سکندر دیوریاوی نے اپنا کلام پیش کیا ۔
اس موقع پر محمد ارشاد، شاہ ویز انصاری، ڈاکٹر ریاض علی ،ڈاکٹر فرخ حسن، حاجی عابد علی ،رئیس الدین رانا،محمد ندیم، محمد آصف ،حاجی ابو الحسن، علی نواز ،ضمیر حسن، کامل علی انجینئر محمد فرقان, انجینیئر اسعد پاشا اور قاری فاروق وغیرہ شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
آخر میں فورم کے صدر شہزاد احمد نے تمام شعراء و سامعین کا شکریہ ادا کیا۔
