مولاناموسیٰ قاسمی “جمعیتہ سدبھاؤنا منچ “یوپی کے کنوینر مقرر۔کارکنان نے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے اس قدم کو قابل تعریف بتایا

whatsapp image 2026 04 17 at 4.18.12 pm

مظفرنگر 17اپریل
جمعیتہ علماء ہند کی اتر پردیش یونٹ کی جانب سے مولانا محمد موسیٰ قاسمی کو ایک اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہیں “جمعیتہ سدبھاؤنا منچ “اتر پردیش کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔
یہ تقرری 15 اپریل 2026 کو لکھنؤ میں واقع تنظیم کے دفتر سے جاری ایک مکتوب کے ذریعے عمل میں آئی، جمعیتہ علماء اترپردیش کے جنرل سیکریٹری مولاناامین الحق عبداللہ قاسمی کے مطابق جمعیتہ کی قیادت نےموجودہ سماجی حالات کے پیش نظر باہمی بھائی چارہ، مذہبی ہم آہنگی اور مختلف طبقات کے درمیان مکالمے کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ انہی مقاصد کے تحت “جمعیت سدبھاؤنا منچ” کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس کا بنیادی ہدف معاشرے میں اتحاد، ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔اسی سلسلہ میں
صوبائی صدر مفتی سید محمد عفان منصورپوری نے مولانا موسیٰ قاسمی کی تنظیمی تجربہ کاری، سماجی خدمات اور تنظیمی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں یہ اہم ذمہ داری سونپی ہے۔ تنظیم کو یقین ہے کہ ان کی قیادت میں منچ کی سرگرمیوں کو صوبہ بھر میں مؤثر انداز میں چلایا جا سکے گا اور اضلاع کے درمیان بہتر تال میل قائم ہوگا۔
جاری مکتوب میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جلد ہی منچ کے پروگراموں، آئندہ لائحہ عمل اور صوبائی کنوینر کی ذمہ داریوں سے متعلق تفصیلی ہدایات جاری کی جائیں گی، تاکہ پورے صوبے میں ان سرگرمیوں کو منظم اور تیز رفتار انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
واضح ہوکہ مولانا موسیٰ قاسمی اس وقت جامعہ الہدایہ نگلہ راعی کے ذمہ دارہیں اور اس کے ساتھ ساتھ جمعیتہ علمامغربی اتر پردیش میں سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ طویل عرصے سے سماجی، مذہبی اور تعلیمی سرگرمیوں میں سرگرم کردار ادا کرتے آ رہے ہیں۔
ان کی اس تقرری پر علاقے کے لوگوں، تنظیمی عہدیداران اور حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سبھی نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں “جمعیتہ سدبھاؤنا منچ” صوبے میں سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور مختلف طبقات کے درمیان بہتر روابط قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس تعلق سے مولانا موسیٰ قاسمی نے کہا کہ ہماری قیادت بالخصوص صدر جمعیتہ علماہند حضرت مولانا سید محموداسعد نے یہ بڑی ذمہ داری سونپ کر جواعتماد جتایاہے،ان کی امیدوں کے مطابق تمام سرگرمیوں کوزمینی سطح پر پہنچانے اور مثبت نتائج کے حصول کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کی جائیگی انشاء اللہ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *