وزیر اعظم مودی دنیا کے مقبول ترین اور بااثر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں: ڈاکٹر عمار رضوی

whatsapp image 2026 06 11 at 11.06.07 am

تاریخی کامیابی پر ڈاکٹر عمار رضوی کا تہنیتی مکتوب

لکھنؤ: (پریس ریلیز/ابوشحمہ انصاری) آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق قائم مقام وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عمار رضوی نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کو ملک کے سب سے طویل عرصے تک مسلسل خدمات انجام دینے والے جمہوری طور پر منتخب وزیر اعظم بننے کی تاریخی کامیابی پر تہنیتی مکتوب ارسال کرتے ہوئے دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے اپنے مکتوب میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ منفرد اور تاریخی اعزاز حاصل کرکے ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر معمولی سنگ میل تک پہنچنے والے وہ پہلے منتخب وزیر اعظم ہیں، جن کی قیادت نے نہ صرف بھارت کی ترقی کی رفتار کو نئی سمت دی بلکہ ملک کو عالمی سطح پر ایک مضبوط اور باوقار مقام بھی دلایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی کی رہنمائی میں بھارت نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور عالمی برادری میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔ ان کی دور اندیش قیادت، غیر متزلزل عزم اور ملک و قوم کے لیے مسلسل خدمات نے کروڑوں ہندوستانیوں کو متاثر اور حوصلہ بخشا ہے۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ آج وزیر اعظم مودی دنیا کے مقبول ترین اور بااثر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی قیادت میں بھارت نے ترقی، خود انحصاری، سفارتی کامیابیوں اور عالمی وقار کے میدان میں نئی بلندیاں حاصل کی ہیں، جو ہر ہندوستانی کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم کی خدمات اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، درازیٔ عمر اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں بھارت ترقی، خوشحالی اور قومی وقار کی نئی منزلیں طے کرتا رہے گا۔
یہ اطلاع آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے سیکریٹری نشر و اشاعت ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *